یہ قانون ہندوستان میں پہلا جامع ڈیجیٹل پرائیویسی قانون ہے، جو براہِ راست اُن کمپنیوں پر ذمہ داریاں عائد کرتا ہے جو لاکھوں کروڑوں صارفین کا ذاتی ڈیٹا جمع کرتی اور اسے استعمال میں لاتی ہیں۔ خاص طور پر وہ پلیٹ فارمز جن کے دو کروڑ سے زیادہ رجسٹرڈ صارفین ہیں، جیسے بڑی سوشل میڈیا کمپنیاں اور اہم ای کامرس ویب سائٹس، ان کیلئے یہ تقاضے زیادہ سخت ہوں گے۔ اسی طرح 50 لاکھ سے زائد صارفین رکھنے والی آن لائن گیمنگ کمپنیوں کو بھی انہی ہدایات کی پابندی کرنا ہوگی۔
نئی گائیڈ لائن کے تحت، کسی بھی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنے ’غیر فعال‘ صارفین کو ڈیٹا حذف کرنے سے قبل 48 گھنٹے کا نوٹس دے۔ اس نوٹس میں انہیں مطلع کیا جائے گا کہ اگر وہ متعینہ وقت کے اندر سروس استعمال نہیں کرتے تو ان کا جمع شدہ ڈیٹا ہمیشہ کے لیے حذف کر دیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد صارفین کی پرائیویسی کا تحفظ اور اُن کے ذاتی ڈیٹا کے غیر ضروری ذخیرے کو روکنا ہے۔
