ایسا ہم سب کرتے ہیں یعنی اپنے اینڈرائیڈ فون میں کسی ویب پیج کو لوڈ، کسی ویڈیو کو اسٹریم یا ایپ کو اوپن کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مگر کئی بار جب ایسا کرتے ہیں تو انٹرنیٹ اتنا سست چلتا ہے کہ لگتا ہے کہ رینگ رہا ہے۔
فون میں سست انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈز اور اپ لوڈز پر اثر انداز ہوتا ہے، ویب سائٹس تاخیر سے اوپن ہوتی ہیں جبکہ ویڈیوز چلنے کی بجائے ایک ہی جگہ اٹکی رہتی ہیں۔
خوش قسمتی سے اینڈرائیڈ فونز میں ایسے ٹولز اور ٹِرکس موجود ہیں جن سے انٹرنیٹ کی رفتار بڑھائی جاسکتی ہے۔
تیز انٹرنیٹ کے لیے ائیر پلین موڈ کو ایڈجسٹ کریں
اسمارٹ فونز میں ائیر پلین موڈ بنیادی طور پر ریڈیو فریکوئنسی سگنل ٹرانسمیشن کو ڈس ایبل کرنے کے لیے ہوتا ہے۔
اس کا مقصد یہ ہے کہ فضائی کمپنیاں دوران پرواز چاہتی ہیں کہ طیارے کے آلات کے افعال اسمارٹ فونز سے متاثر نہ ہوں۔
جب آپ ائیرپلین موڈ ٹرن آن کرتے ہیں تو وائی فائی، بلیو ٹوتھ اور سیلولر سگنلز ٹرن آف ہو جاتے ہیں اور ہر طرح کی وائرلیس کمیونیکیشن رک جاتی ہے۔
اسی چیز کو آپ انٹرنیٹ کی رفتار بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
ہمارے اسمارٹ فونز سگنلز کے لیے موبائل ٹاور سے کنکٹ ہوتے ہیں اور جب آپ دن بھر حرکت میں رہتے ہیں تو اسمارٹ فون کنکٹ ہونے کے لیے بہترین ٹاور کا انتخاب نہیں کرپاتا۔
ائیرپلین موڈ کے ذریعے اس کنکشن کو ری سیٹ کرنے سے انٹرنیٹ کی رفتار کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
پہلے ائیرپلین موڈ ٹرن آن کریں اور کچھ دیر بعد ٹرن آف کر دیں۔
ایسا کرنے سے اینڈرائیڈ فون بہترین موبائل ٹاور سے جڑ جائے گا جس سے انٹرنیٹ اسپیڈ بہتر ہوگی۔
تیز انٹرنیٹ کے لیے cache کلیئر کریں
جب آپ اینڈرائیڈ فون میں ایپس استعمال کرتے ہیں یا ویب سائٹس پر وزٹ کرتے ہیں تو ڈیوائس کچھ ڈیٹا محفوظ کرتی ہے جسے cache کہا جاتا ہے۔
ان فائلز کا مقصد ایپ یا ویب سائٹس کو زیادہ بہتر طریقے سے چلانے میں مدد فراہم کرنا ہوتا ہے اور مختصر المدت کے لیے یہ بہت مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
مگر جب ان فائلز کی تعداد بہت زیادہ ہو جائے تو انٹرنیٹ اسپیڈ متاثر ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ایپ cache کو کلیئر کرنے سے ڈیوائس کی پرفارمنس بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔
اس مقصد کے لیے سیٹنگز میں ایپس کے آپشن میں انفارمیشن پیج پر کلک کریں اور وہاں اسٹوریج اور پھر کلیئر cache کے آپشن کا انتخاب کریں۔
