دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک ایکس (ٹوئٹر) کو متعدد سروسز پر مشتمل ایک سپر ایپ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں جو چینی ایپ وی چیٹ کی طرح ہوگی۔
ایک پوڈ کاسٹ کے دوران ایلون مسک نے اس بارے میں بتایا۔
ایلون مسک نے 2022 میں ٹوئٹر کو خرید کر اس کا نام ایکس رکھ دیا تھا۔
مارچ 2025 میں ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی نے ایکس کو 33 ارب ڈالرز میں خرید لیا تھا۔
ایکس کی جانب سے ویزا کے ساتھ شراکت داری کرکے امریکا کی کچھ ریاستوں میں ڈیجیٹل والٹ سروسز اور آن لائن ٹرانزیکشنز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اسی طرح ایکس صارفین کے لیے جلد ڈیبٹ کارڈ متعارف کرائے جانے کی رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔
ایلون مسک نے پوڈ کاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایکس کو ایک ایسی ایپ کے طور پر دیکھتے ہیں جہاں صارفین ایک دوسرے سے رابطے کے ساتھ ساتھ مالی معاملات کا انتظام بھی کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایکس چین سے باہر وی چیٹ جیسی سپر ایپ کے طور پر کام کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں صارفین وی چیٹ پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں جس میں میسجنگ، سوشل میڈیا اور پیمنٹس کو ایک جگہ اکٹھا کر دیا گیا ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ مگر چین سے باہر ایسی سروس دستیاب نہیں اور ہم ایکس کے ذریعے اس خلا کو بھرنے کا کام کریں گے۔
واضح رہے کہ ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ایکس کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔
