وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
وزارت پیٹرولیم سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت نے اگلے 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قیمتوں میں استحکام کا اطلاق 16 جنوری سے اگلے 15 روز کے لیے ہوگا۔
وزارت پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 16 جنوری سے پیٹرول کی قیمت 253.17 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی 257.08 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
قبل ازیں ذرائع نے توقع ظاہر کی تھی کہ عالمی مندی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کی وجہ سے پاکستان میں بھی 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگی۔
ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 59 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے 70 پیسے کمی کا امکان ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی فی لیٹر ایک روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں دو روپے 8 پیسے فی لیٹر کمی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔
