آپ کی یوٹیوب شارٹس فیڈ بہت جلد آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) مواد سے بھر جائے گی جس میں کریٹیرز کے اپنے اے آئی ورژن بھی شامل ہوں گے۔
اپنے سالانہ خط میں یوٹیوب کے چیف ایگزیکٹو نیل موہن نے بتایا کہ رواں سال کسی وقت کریٹیرز اپنی شخصیت کے مطابق شارٹس تیار کرسکیں گے۔
انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ اپنی شخصیت سے کیا مراد ہے۔
انہوں نے بس یہ بتایا کہ اس حوالے سے تفصیلات کو جلد شیئر کیا جائے گا جبکہ یہ بھی بتایا جائے گا کہ یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا اور اسے کیسے استعمال کیا جاسکے گا۔
ویسے یوٹیوب اے آئی ٹولز کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
یوٹیوب کے ایک ترجمان نے بتایا کہ رواں سال کریٹیرز اے آئی کو تحریری ہدایت سے گیمز تیار کرنے کے لیے بھی استعمال کرسکیں گے۔
اسی طرح موسیقی سے متعلق تجرباتی فیچر بھی صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اپنے خط میں نیل موہن نے کہا کہ اے آئی اسپام کی بھرمار کی روک تھام کے لیے سسٹمز کی تیاری پر کام کیا جا رہا ہے اور غیر معیاری مواد کے پھیلاؤ کو کم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب میں دیگر نئے فیچرز کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مختلف فارمیٹس جیسے امیج پوسٹس کو براہ راست فیڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔
نیل موہن کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ 200 ارب بار شارٹس کو دیکھا جاتا ہے۔
