اسلام آباد/ نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے ٹیکنالوجی کے بہترین استعمال کے ذریعے بھارتیوں کو ایک بار پھر سرپرائز کردیا۔ بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بھارتی یوٹیوب صارفین کو معرکہء حق کے دوران پاکستان کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے اشتہارات دکھا دیے۔
بھارتی صارفین کی جانب سے ایکس پر اپنی حکومت اور بھارتی وزارت اطلاعات سے شکایت کی گئی کہ انہیں یوٹیوب پر پاکستانی اشتہارات نظر آرہے ہیں جس میں دکھایا جا رہا ہے کہ پاکستان نے مئی تنازعے میں کیسے کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل مئی میں جب دونوں ملکوں کا تنازعہ شروع ہوا تو بھارتی حکومت نے ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو اپنے ملک میں بند کردیا تھا۔ ایکس پر ایک ہی جھٹکے میں صحافیوں اور انٹرنیشنل نیوز آؤٹ لیٹس سمیت آٹھ ہزار اکاؤنٹس بند کیے گئے۔
مودی سرکار نے ہر ممکن کوشش کی کہ پاکستانی موقف بھارتی عوام تک نہ پہنچ سکے۔ لیکن وفاقی وزارت اطلاعات نے اس کا زبردست حل نکالا اور بھارتیوں کو پاکستانی اشتہارات کے ذریعے سرپرائز کردیا۔ یوٹیوب اشتہارات کے ذریعے بھارتی عوام تک پاکستان کا موقف پہنچایا گیا۔ اب ایک بار پھر یوم آزادی کے موقع پر ویسی ہی حکمت عملی اپنائی گئی۔