اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )پی ٹی اے نے ملکی مفاد کیخلاف کام کرنے والی 1 لاکھ سے زائد ویب سائٹس اور ہزاروں یوٹیوب چینلز بلاک کردیئے۔
نجی ٹی وی ’’ایکسپریس نیوز ‘‘کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے ملکی سلامتی کے لیے ملکی مفاد کے برعکس کام کرنے والی سائٹس کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کردیا ہے اور لاکھوں ویب سائٹس کے ساتھ ہزاروں یوٹیوب چینلز بلاک کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق اس آپریشن میں پی ٹی اے نے ملکی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد پھیلانے والی 1 لاکھ 19 ہزار 496 ویب سائٹس بلاک کردیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی اے نے 3 ہزار 248 یوٹیوب چینلز بھی بلاک کردیئے۔
پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ بند ویب سائٹس کی تفصیلات جاری کرنا رازداری اصولوں کے باعث ممکن نہیں ہے۔