واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے مستقبل کے بارے میں بہت حیران کن پیشگوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق ان کا ماننا ہے کہ مستقبل میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی دوستوں، بزنس ایجنٹس، تھراپسٹ اور دیگر کی جگہ آپ کی زندگی کا حصہ بن جائے گی۔وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ایک کانفرنس کے دوران مارک زکربرگ نے ایسے ڈیجیٹل مستقبل کا تصور پیش کیا جس میں اے آئی دوستوں کی تعداد حقیقی انسانوں کو پیچھے چھوڑ دے گی جبکہ اے آئی چیٹ بوٹ تھراپسٹ، اشتہاری ایجنسیوں اور کوڈرز کا متبادل ثابت ہوں گے۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ حقیقی دنیا میں لوگ زیادہ دوست اور سماجی رابطے چاہتے ہیں مگر روزمرہ کی مصروفیات کے باعث زیادہ دوست بنانا مشکل ہو جاتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا ماننا ہے کہ ہر فرد اوسطاً 15 افراد کو دوست بنانے کا خواہشمند ہوتا ہے مگر ان کو سنبھالنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے 2021 کی ایک تحقیق کا حوالہ بھی دیا جس کے مطابق اوسطاً ہر امریکی شہری کے 3 سے بھی کم دوست ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی ان افراد کے لئے بہترین حل ثابت ہوگی جو زیادہ دوست چاہتے ہیں یا علاج کے لئے ڈاکٹروں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘ایسے افراد جن کو تھراپسٹ تک رسائی نہیں ملتی وہ کسی اے آئی سے مدد حاصل کرسکیں گے’۔مارک زکربرگ نے کہا کہ اے آئی تنہا افراد کی پسند اور ترجیحات کو جاننے کے بارے میں حقیقی دوستوں یا رشتے داروں سے زیادہ بہتر کام کرسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے خیال میں لوگ ایسے سسٹم کو پسند کریں گے جو ان کو اچھی طرح سمجھتا ہو’۔