ایمیزون کلاؤڈ سروس میں خرابی، کئی ویب سائٹس متاثر


ایمیزون کی کلاؤڈ سروسز یونٹ اے ڈبلیو ایس پیر کو تعطل کا شکار ہو گئی، جس کے باعث دنیا بھر کی کئی کمپنیوں کو کنیکٹیوٹی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور فورٹ نائٹ اور اسنیپ چیٹ سمیت متعدد معروف ویب سائٹس اور ایپس کی سروسز متاثر ہوئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اے ڈبلیو ایس نے اپنی اسٹیٹس ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ میں بتایا کہ امریکا کے مشرقی خطے (یوایس-ایسٹ-ون) میں ’متعدد سروسز کے لیے ایرر ریٹس اور لیٹنسی میں اضافہ‘ ہوا ہے۔اے آئی اسٹارٹ اپ پرپلکسی، کرپٹو کرنسی ایکسچینج کوائن بیس اور ٹریڈنگ ایپ رابن ہڈ نے سروس میں آنے والے اس تعطل کی ذمہ داری اے ڈبلیو ایس پر عائد کی۔

پرپلکسی کے سی ای او اروند سرینیواس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ’پرپلکسی اس وقت بند ہے، اس کی بنیادی وجہ اے ڈبلیو ایس میں خرابی ہے، ہم اسے ٹھیک کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں‘۔ اے ڈبلیو ایس کمپنیوں، حکومتوں اور انفرادی صارفین کو کمپیوٹنگ پاور، ڈیٹا اسٹوریج اور دیگر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرتا ہے، اس کے سرورز میں خرابی آنے سے ان ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کی سروسز متاثر ہوتی ہیں جو اس کی کلاؤڈ انفرااسٹرکچر پر انحصار کرتے ہیں، اے ڈبلیو ایس کا مقابلہ گوگل اور مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ سروسز سے ہے۔

اے ڈبلیو ایس اور امیزون نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کیا۔ امیزون ڈاٹ کام، پرائم ویڈیو اور الیکسا کو بھی مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ پے پال کی سروس وینمو بھی متاثر ہوئی۔ اس خلل کے باعث گیمنگ ویب سائٹس فورٹ نائٹ (ایپک گیمز کی ملکیت)، روبلوکس، کلیش روائل اور کلیش آف کلینز بھی بند ہو گئیں، جبکہ مالیاتی پلیٹ فارمز میں وینمو اور چائم کو بھی مسائل درپیش آئے، اوبر کی حریف کمپنی لفٹ کی ایپ بھی امریکا میں ہزاروں صارفین کے لیے بند رہی۔

میسجنگ ایپ سگنل کی صدر میرڈتھ وٹیکر نے بھی ایکس پر تصدیق کی کہ ان کا پلیٹ فارم بھی اے ڈبلیو ایس کے تعطل سے متاثر ہوا ہے۔

Related posts

پاک, بھارت ٹاکرا 8فروری کو ہونے کا امکان

بروس اسپرنگسٹن کو ماہر نفسیات کے پاس جانے کے لئے ‘شرمندہ’ ہونے کی یاد آتی ہے

بلوچستان حکومت کی جانب سے چین سے خریدی گئی 21 جدید بسیں کراچی بندرگاہ پر پہنچ گئیں