کولمبو(ڈیلی پاکستان آن لائن)آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 میں پاکستان کا پہلی جیت کا خواب پھر ادھورا رہ گیا، قومی ٹیم کو جنوبی افریقا نے بھی 150 رنز سے ہرا دیا ۔کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے بارش سے متاثرہ میچ میں مقررہ 40 اوورز میں 9 وکٹ پر 312 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لورا نے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی سعدیہ اقبال اور نشرہ سندھو نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔جنوبی افریقی اننگز کے بعد بارش نے ایک بار پھر میچ کو متاثرکیا اور میچ کو 20 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو اب 20 اوورز میں 234 رنز کا ہدف ملا۔تاہم پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر صرف 83 رنز ہی بنا سکی اور یوں جنوبی افریقا نے میچ 150 رنز کے بھاری مارجن سے جیت لیا۔
پاکستان ویمنز ٹیم رواں ورلڈکپ میں اب تک ایک بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔گرین شرٹس نے 6 میچز کھیلے جس میں اسے 4 میں شکست ہوئی جبکہ 2 میچ بارش کی نذر ہوئے۔پوائنٹس ٹیبل کی بات کریں تو جنوبی افریقا 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔وہ سیمی فائنل کیلئے پہلے ہی کوالیفائی کرچکی ہے۔اس کے علاوہ آسٹریلیا اور انگلینڈ بھی ٹاپ 4 میں جگہ بناچکے ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔