واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) وائٹ ہاؤس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان مستقبل قریب میں کسی ملاقات کا کوئی منصوبہ موجود نہیں ہے۔
یاہو نیوز کے مطابق وائٹ ہاؤس عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان پیر کے روز ایک "مثبت اور نتیجہ خیز” ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، تاہم دونوں وزرائے خارجہ کی بالمشافہ ملاقات کو "فی الحال ضروری نہیں” سمجھا جا رہا۔
اس سے قبل صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پیوٹن سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہنگری کے دارالحکومت بوڈاپسٹ میں روسی صدر سے ملاقات کریں گے تاکہ یوکرین میں جاری جنگ کے ممکنہ خاتمے پر بات چیت کی جا سکے۔ تاہم، اس ملاقات کی کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی تھی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پِگٹ کے مطابق، روبیو اور لاوروف کے درمیان ہونے والی گفتگو کا محور "اگلے اقدامات” پر رہا جو صدر ٹرمپ اور پیوٹن کی پچھلی بات چیت کے بعد زیرِ غور ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر خارجہ روبیو نے ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان آئندہ روابط کو "یوکرین جنگ کے پائیدار حل” کے لیے اہم موقع قرار دیا۔
دوسری جانب کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ ایسی ملاقات کے لیے "سنجیدہ تیاری درکار ہے” اور فوری طور پر کسی ملاقات کا امکان کم ہے۔