عقیل خان اور عشنا سہیل کی شاندار فتوحات ٹاپ سیڈ کھلاڑیوں کا دن دوسرا پر غلبہ


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)نواں شہریار ملک میموریل پاکستان اوپن ٹینس چیمپئن شپ 2025 اسپورٹس بورڈ پنجاب ٹینس اکیڈمی، نشتر پارک لاہور میں جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے۔ ایونٹ کے دوسرے روز قومی سطح کے اس باوقار مقابلے میں مختلف کیٹیگریز کے 35 سے زائد دلچسپ میچز کھیلے گئے جن میں پاکستان کے سرفہرست کھلاڑیوں نے شاندار کھیل اور مکمل برتری کا مظاہرہ کیا۔

مردوں کے سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں پاکستان کے نمبر ون ٹینس اسٹار عقیل خان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے حازق اریجو کو یکطرفہ مقابلے میں 6-0، 6-1 سے شکست دی۔ دوسری جانب مزمل مرتضیٰ نے احمد چوہدری کو 6-0، 6-0 سے با آسانی زیر کیا، جبکہ محمد شعیب نے حمزہ علی رضوان کے خلاف 6-4، 6-0 سے کامیابی حاصل کی۔

مزید برآں، برکت اللہ نے احمد بابر کو 6-3، 6-2 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی، جبکہ ابوبکر طلحہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے جابر علی کو 6-2، 6-2 سے شکست دی۔ دیگر مقابلوں میں یوسف خلیل نے محمد طلحہ خان کو 6-2، 6-4، محمد عابد نے حسن ریاض کو 6-3، 6-3 سے اور مدثر مرتضیٰ نے محمد احتشام کو 6-2، 6-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

خواتین کے سنگلز کوارٹر فائنلز میں پاکستان کی نمایاں کھلاڑی عشنا سہیل نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فجر فیاض کو 6-0، 6-1 سے شکست دی۔ شمزہ ناز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد عشا جواد کو 6-7، 6-2، 4-1 (ریٹائرڈ) سے زیر کیا۔ دیگر مقابلوں میں مہک کھوکھر نے حجرہ سہیل کو 6-3، 6-1 اور لبیکا دراب نے ملیحہ خالد کو 6-3، 6-3 سے شکست دے کر سیمی فائنلز میں جگہ پکی کی۔

مردوں کے ڈبلز پری کوارٹر فائنلز میں تجربہ کار جوڑی عقیل خان اور شہزاد خان نے حسن ریاض اور اشعر خان کو 6-2، 6-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔ فیضان فیاض اور حمزہ علی رضوان نے مبین اکرم اور حسیب ایاز ملک کو 6-3، 6-3 سے ہرایا، جبکہ احمد بابر اور ساقب حیات نے محمد عابد اور محمد وقاص ملک کو 6-4، 6-3 سے شکست دی۔ مدثر مرتضیٰ اور ہیرہ عاشق نے محمد احتشام اور حازق اریجو کو 6-2، 6-0 جبکہ ابوبکر طلحہ اور احمد نائل قریشی نے محمد حذیفہ خان اور محمد طلحہ خان کو 6-1، 6-2 سے ہرا کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کی۔

بوائز انڈر۔12 پری کوارٹر فائنلز میں ملک کے ابھرتے ہوئے نوخیز ٹینس کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد ایان، دانیال (کے پی کے)، محمد معاذ اور شایان آفریدی نے اپنے اپنے میچز میں یکطرفہ انداز میں اسٹریٹ سیٹس فتوحات حاصل کیں، جبکہ ایم ابراہیم حسین گل اور مصطفیٰ ازیر رانا نے بھی بآسانی کامیابیاں سمیٹتے ہوئے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔ 

سینئرز 55+ ڈبلز کوارٹر فائنلز میں تجربہ کار جوڑی جنرل ہلال اور سابق اسکواڈرن لیڈر حسیب بیگ نے عمدہ ہم آہنگی اور کورٹ پر بہترین کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف اور کمرران قریشی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔



Related posts

شارجہ ایئرپورٹ پر تین ماہ میں مسافروں کی تعداد 51 لاکھ سے زیادہ

شہباز شریف نے ریسکیو 1122 منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا وزیر صحت

اسرائیل کو غزہ میں اقوام متحدہ کو امداد کی فراہمی کی اجازت دینا ہو گی: بین الاقوامی عدالت