لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرصحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ریسکیو 1122 منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا۔نیشنل ریسکیو چیلنج کی اختتامی تقریب سے خطاب میں خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھاکہ 1122کا محکمہ چوہدری پرویز الٰہی نے شروع کیا، ان کویقیناً اس کا اجر ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس کو گیم چینجر منصوبہ بنایا، اس منصوبے کو سیاست کی نذر نہیں ہونے دیا۔ان کا کہنا تھاکہ ایمرجنسی سروسزایک کروڑ ستاسی لاکھ لوگوں کی زندگیاں بچا چکی ہے، آپ کی سب سےبڑی اچیومینٹ ہےآپ نے قوم و ملک کے اربوں روپے بچائے ہیں، بائیک سروس کےشروع ہونےسےبہت سارےلوگوں کی جانیں بچائیں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ آپ نے انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کو بھی اسی محبت سے بچایا ہے۔