ایسا بیشتر افراد کے ساتھ ہوتا ہے جب وہ یوٹیوب میں کسی ایک شارٹس (مختصر) ویڈیو کو اوپن کرتے ہیں اور ان کا خیال ہوتا ہے کہ وہ صرف اسے دیکھ کر ایپ بند کر دیں گے۔
مگر ایک یا 2 گھنٹے بعد اچانک احساس ہوتا ہے کہ ‘اوہ میں تو اب تک ایپ اوپن کرکے ویڈیوز دیکھ رہا ہوں. ایسے رویے سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے یوٹیوب میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹائمر نامی اس فیچر سے صارفین شارٹس ویڈیوز دیکھنے کے لیے روزانہ کا وقت طے کرسکتے ہیں۔
ایک بار جب وہ طے شدہ وقت تک پہنچ جائیں گے تو ایک پوپ اپ نوٹیفکیشن کے ذریعے کہا جائے گا کہ اب شارٹس فیڈ میں اسکرولنگ کو روک دیں۔ ویسے صارف چاہے تو اس نوٹیفکیشن کو بند کرکے اسکرولنگ جاری رکھ سکتا ہے۔
مگر اس سے اسے یہ علم ضرور ہو جائے گا کہ وہ کتنی دیر سے فون پر یوٹیوب کی مختصر ویڈیوز دیکھ رہا ہے۔ اس فیچر کو ابھی یوٹیوب پیرنٹل کنٹرولز کا حصہ نہیں بنایا گیا، البتہ اگلے سال ایسا کیا جائے گا اور والدین اپنے بچوں کے لیے مخصوص وقت کی حد طے کرسکیں گے اور بچے اس نوٹیفکیشن کو بند بھی نہیں کرسکیں گے۔
اس فیچر تک رسائی ایپ سیٹنگز میں ہوگی جس کے بارے میں کمپنی نے وضاحت نہیں کی۔ مگر ممکنہ طور پر یہ ٹائمر فیچر ایپ کی جنرل سیٹنگز میں ریمائنڈ می ٹو ٹیک اے بریک اور ریمائنڈ می وین اٹس بیڈ ٹائم فیچرز کے ساتھ ہوگا۔ اس نئے فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے مگر یہ تمام صارفین کو آئندہ چند ہفتوں میں دستیاب ہوگا۔