امریکہ: پائلٹ نے شور کو ’کاک پٹ پر حملہ‘ سمجھ کر جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کرا دی

Table of Contents


امریکن ایئرلائنز کی فلائٹ نمبر 6469 اوماہا سے لاس اینجلس کے لیے روانہ ہوئی تھی (فائل فوٹو: امریکن ایئرلائنز)

امریکی ریاست اوماہا میں امریکن ایئرلائن کی پرواز میں تشویش ناک صورتحال اُس وقت پیدا ہوگئی جب پائلٹس نے ایک سادہ تکنیکی خرابی کو سکیورٹی خطرہ سمجھ کر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کروا دی۔
’دی گارڈین‘ کے مطابق یہ واقعہ امریکن ایئرلائنز کی فلائٹ نمبر 6469 میں پیش آیا جو پیر کو اوماہا سے لاس اینجلس کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ پرواز اُڑان بھرنے کے تقریباً 40 منٹ بعد ہی واپس اوماہا ایئرپورٹ پر اُتار دی گئی۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق ’واقعہ اس وقت پیش آیا جب پائلٹس اور فضائی عملے کے درمیان رابطے کے لیے استعمال ہونے والا انٹرکام نظام غلطی سے مسلسل آن رہ گیا۔ اس کے نتیجے میں پائلٹس کو کانوں میں ایک عجیب سا شور سنائی دیا، جسے انہوں نے سمجھا کہ شاید کوئی شخص کاک پٹ میں گھسنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘
ویڈیو فوٹیج کے مطابق لینڈنگ کے بعد مسافر خاصے اُلجھن کا شکار نظر آئے۔ طیارے کے کپتان نے مسافروں کو بتایا کہ ’ہمیں یقین نہیں تھا کہ طیارے میں کوئی غیرمعمولی صورت حال تو نہیں، اس لیے ہم نے احتیاطاً واپس آنے کا فیصلہ کیا۔ اب ہم معلوم کر رہے ہیں کہ دراصل ہوا کیا۔‘
واضح رہے کہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد تمام مسافر طیاروں کے کاک پٹ دروازے انتہائی محفوظ اور مضبوط بنا دیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے سے بچا جا سکے۔
یہ پرواز سکائی ویسٹ ایئرلائن کی جانب سے چلائی جا رہی تھی جو امریکن ایئرلائن سمیت مختلف بڑی کمپنیوں کے لیے علاقائی پروازیں انجام دیتی ہے۔ طیارہ ایمبریئر ای آر جے 175 ماڈل کا تھا۔
اوماہا ایئرپورٹ اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ ایئرپورٹ پر کسی قسم کا سکیورٹی مسئلہ پیش نہیں آیا۔ ترجمان کے مطابق ’یہ محض ایک غلط فہمی تھی، تمام مسافر اور عملہ محفوظ ہیں اور پرواز کو معمول کے مطابق دوبارہ شیڈول کیا جا رہا ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ایئرلائن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی غلط فہمیوں سے بچا جا سکے۔



Related posts

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے پر تنقید آئین و قانون سے لاعلمی کا اظہار ہے، الیکشن کمیشن

جمادی الاول کا چاند نظرآ گیا

بنگلہ دیش کے معزول وزیر اعظم حسینہ کے خلاف ورڈکٹ 13 نومبر کو مقرر