2026 کے آواخر تک سونا پانچ ہزار 55 ڈالرز فی اونس تک پہنچ سکتا ہے

Table of Contents


پیر کو سونے کی قیمت چار ہزار 381.21 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچی (فوٹو: اے ایف پی)

معروف امریکی بینک جے پی مورگن کے تجزیہ کاروں نے جمعرات کو سونے کے حوالے سے اپنا مثبت مؤقف برقرار رکھتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ 2026 کی چوتھی سہ ماہی تک سونا فی اونس اوسطاً پانچ ہزار 55 ڈالر فی اونس تک پہنچ سکتا ہے۔
خبر رساں ایجسنی رائٹرز کے مطابق بینک کی رپورٹ میں یہ اندازہ اس بنیاد پر لگایا گیا ہے کہ 2026 میں سرمایہ کاروں اور مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مجموعی طلب ہر سہ ماہی میں اوسطاً 566 ٹن رہے گی۔
جے پی مورگن کی گلوبل کموڈٹیز سٹریٹیجی کی سربراہ نتاشا کنیوا نے کہا ہے کہ ’سونا اب بھی سرمایہ کاری کے لیے ہمارا سال کا سب سے مضبوط انتخاب ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جیسے ہی امریکی فیڈرل ریزرو شرحِ سود میں کمی کے سائیکل میں داخل ہوگا، قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔‘
بینک کے بیس اینڈ پریشیس میٹلز سٹریٹیجی کے سربراہ گریگری شیئرر کے مطابق ’فیڈ (امریکی فیڈرل ریزرو) کی پالیسی میں نرمی، سٹیگفلیشن کے خدشات، فیڈ کی خودمختاری سے متعلق تشویش اور کرنسی کی قدر میں کمی کے خلاف بچاؤ کی حکمت عملی سونے کی قیمت میں اضافے کو سہارا دے رہی ہیں۔‘
ڈالر کے حوالے سے بینک نے کہا کہ ’یہ نہ تو ڈی ڈالرائزیشن کی کہانی ہے اور نہ ہی کرنسی کی قدر میں کمی کی، بلکہ یہ دراصل ڈالر کے متبادل میں تنوع لانے کی حکمت عملی ہے جس کے تحت غیر ملکی سرمایہ کار امریکی اثاثوں کے کچھ حصے کو سونے میں منتقل کر رہے ہیں۔‘
جے پی مورگن کے تجزیہ کاروں نے مارکیٹ میں ہونے والی قیمتوں کی حالیہ درستگی کو ایک مثبت عمل قرار دیا ہے۔
کنیوا کے مطابق ’یہ بالکل معمول کی بات ہے اگر سرمایہ کار کچھ خوفزدہ ہیں، کیونکہ قیمتیں بہت تیزی سے اوپر گئی ہیں۔ یہ ایک واضح کہانی ہے، خریدار بہت زیادہ ہیں اور بیچنے والے تقریباً نہیں۔‘
انہوں نے 2028 کے لیے طویل مدتی ہدف چھ ہزار ڈالر فی اونس برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ سونے کو کئی سالوں کی سرمایہ کاری کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔
رواں سال سونا متعدد بار نئی بلند ترین سطحوں پر پہنچا ہے۔ پیر کو سونے کی قیمت چار ہزار 381.21 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچی جو سال کے آغاز سے اب تک تقریباً 57 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے اور سنہ 1979 کے بعد اس کی سب سے مضبوط سالانہ کارکردگی ثابت ہو رہی ہے۔



Related posts

ٹیلر سوئفٹ ٹریوس کیلس کے ساتھ اپنی محبت کی کہانی کو بڑی اسکرین پر لانے کے لئے بے چین ہے

سابقہ ​​کیون فیڈر لائن کی سفاکانہ یادداشت کے بعد برٹنی سپیئرز ہیلتھ میں خطرہ ہے

ترکیہ: بحیرہ ایجیئن میں کشتی الٹنے سے کم از کم 14 تارکینِ وطن ہلاک