بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور کہتی ہیں کہ وہ فلم انڈسٹری میں بطور خاتون اداکارہ مردوں کی انا سے نمٹنے کے لیے ان کے سامنے خود کو ’بے وقوف‘ ظاہر کرتی ہیں تاکہ کوئی ناراض نہ ہو۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق جھانوی کپور نے حال ہی میں ایک شو’ٹو مچ ود ٹوئنکل اینڈ کاجول‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں مردوں کی انا کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جیسا کہ نام سے ہی ظاہر ہے شو کی میزبان مشہور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ اور کاجول تھیں جبکہ ہدایتکار کرن جوہر بھی پروگرام میں شریک تھے۔
ایک سیگمنٹ کے دوران جب میزبانوں نے ان سے پوچھا کہ انہیں انڈسٹری میں کن چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے؟ تو جھانوی کا جواب کچھ یوں تھا: ’مردوں کی انا سے نمٹنے کا فن۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ میرے کام کے ماحول میں مجھے کچھ مراعات حاصل ہیں۔ لیکن میرے لیے یہ (زیادہ تر) چینلجز مردوں کی انا کے ساتھ نمٹنے کے حوالے سے رہے ہیں۔‘
جھانوی کپور نے بتایا کہ ’اگر میری کوئی رائے ہو جیسے کہ حال ہی میں ایسی جگہوں پر میں موجود رہی ہوں جہاں میں اپنی بات بلا جھجک کہہ سکتی تھی۔ لیکن میں اُن جگہوں پر بھی رہی ہوں جہاں مجھے خود کو بیوقوف ظاہر کرنا پڑا۔‘
اداکارہ کے مطابق ’آپ کو خود فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ کن معاملات میں شامل ہونا ہے اور کن سے دور رہنا ہے اور یہ دیکھنا پڑتا ہے کہ کس طرح اپنی بات کسی کو ناراض کیے بغیر کہی جائے۔‘
میزبان ٹوئنکل کھنہ نے جھانوی کپور کی بات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے ہمدردی کے جذبات رکھتی ہیں کیونکہ انہیں بھی 90 کی دہائی میں جب وہ ایک نوجوان اداکارہ تھیں، یہی مسائل درپیش تھے۔
’مجھے بھی جوانی میں یہی مسئلہ تھا اور مجھے محتاط رویہ اپنانا کبھی سمجھ نہیں آیا۔ میں جو کہنا چاہتی تھی میں کہہ دیا کرتی تھی اور ہر کسی سے میرا جھگڑا ہو جاتا تھا۔‘
جھانوی کپور نے ٹوئنکل کھنہ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ اکثر ایسا ظاہر کرتی ہیں جیسے انہیں سین سمجھ نہیں آ رہا بجائے اس کے کہ وہ اس سے اختلاف کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہے یہ بات منطقی نہیں لگتی لیکن میں اسے جانے دوں گی اور اگلی بار میں اپنی رائے بتاؤں گی۔ لیکن مجھے انہیں 10 اچھی باتیں بتانا پڑیں گی اور یہ ظاہر کرنا پڑے گا جیسے کہ میں اتنی قابل نہیں ہوں، صرف اس لیے کہ مجھے وہ سین ٹھیک نہیں لگ رہا ہوگا۔ میں بس اتنا کہہ دوں گی کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا۔‘