’شکریہ آسٹریلیا، نہیں معلوم ہم دوبارہ آئیں گے یا نہیں‘، کیا روہت اور کوہلی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں؟

Table of Contents


وراٹ کوہلی اور روہت شرما کا آسٹریلیا کے ساتھ ایک طویل اور خوشگوار رشتہ رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپنگ بیٹر روہت شرما، جنہوں نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ناقابلِ شکست 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، نے بظاہر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ وہ اور وراٹ کوہلی اب آسٹریلیا کا ایک اور دورہ نہیں کریں گے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق تین میچوں کی سیریز سے قبل ہی اس بات پر خاصی چہ مگوئیاں تھیں کہ کیا یہ دونوں سینیئر کھلاڑی 2027 کے ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ کا سفر کرنے کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔ تاہم آخری ون ڈے میں روہت اور کوہلی نے پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ اور یوں انڈیا نے 237 رنز کا ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
میچ کے فوراً بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے فاکس کرکٹ پر ایڈم گلکرسٹ اور روی شاستری سے گفتگو میں تصدیق کی کہ یہ تین میچوں کی سیریز ان کا آسٹریلیا کا آخری دورہ تھا۔
روہت نے کہا کہ ’مجھے ہمیشہ یہاں آنا اچھا لگتا ہے۔ آسٹریلیا میں کرکٹ کھیلنے کا الگ ہی لطف ہے۔ سنہ 2008 کی یادیں بہت خاص ہیں، اور آج کی اننگز کے ساتھ جیت حاصل کر کے اختتام کرنا بھی اچھا لگا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ ہم دوبارہ آسٹریلیا آئیں گے یا نہیں، لیکن یہاں کھیلے گئے تمام برس بہت یادگار رہے۔ اچھی یادیں بھی ہیں، کچھ تلخ بھی، مگر مجموعی طور پر میں یہاں کی کرکٹ کو ہمیشہ یاد رکھوں گا۔‘
وراٹ اور روہت کا آسٹریلیا کے ساتھ ایک طویل اور خوشگوار رشتہ رہا ہے۔ دونوں نے خاص طور پر ون ڈے فارمیٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی، اور ان کے مداحوں کے لیے یہ لمحہ جذباتی تھا کہ دونوں سٹارز نے اپنے آسٹریلیا میں کیریئر کا اختتام ایک شاندار انداز میں کیا۔ تینوں میچوں کے دوران مداحوں کی زبردست پذیرائی دیکھنے میں آئی۔

روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ کے لیے 168 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جب انڈین ٹیم آسٹریلیا پہنچی تو ایئرپورٹ سے لے کر نیٹ سیشنز تک، مداحوں نے دونوں کھلاڑیوں کو گھیر لیا۔ روہت اور کوہلی نے خوش دلی سے آٹوگراف دے کر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سیریز میں 202 رنز بنانے پر روہت شرما کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کا شکریہ
دونوں کھلاڑیوں نے آسٹریلوی شائقین کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ روہت سنہ 2008 میں انڈیا کی سہ ملکی ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ کوہلی نے آسٹریلیا میں اپنا پہلا ون ڈے میچ سنہ 2012 میں کھیلا تھا۔
روہت شرما نے مزید کہا کہ ’ہم بھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں یہاں آ کر بڑی تعداد میں شائقین کے سامنے کھیلنے میں ہمیشہ مزہ آیا۔ یہاں ہم نے اپنی بہترین کرکٹ کھیلی۔ آسٹریلیا کا شکریہ، جس نے ہمیں ہمیشہ خوش آمدید کہا۔‘

سیریز سے قبل ہی اس بات پر خاصی چہ مگوئیاں تھیں کہ کیا یہ دونوں کھلاڑی 2027 کے ورلڈ کپ کے لیے جنوبی افریقہ کا سفر کرنے کے لیے تیار ہیں یا نہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وراٹ کوہلی نے مختصر مگر جذباتی انداز میں کہا کہ ’تھینک یو آسٹریلیا، تھینک یو!‘

 



Related posts

سومبر ٹیلر سوئفٹ کے ساتھ ابھرتی ہوئی دوستی کی نادر بصیرت دیتا ہے

پاکستان ، مصر سیکیورٹی کو فروغ دینے کا عہد ، سماجی و معاشی تعلقات

سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ