نئے سال کی دہلیز پر کھڑی قوم کے لیے زمین نے خود اپنے سینے سے خوشخبری اُگل دی۔ خیبر پختونخوا کا خوبصورت علاقہ ضلع کوہاٹ، ایک بار پھر پاکستان کی توانائی کی تقدیر بدلنے کو تیار ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، او جی ڈی سی ایل نے ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر کے قوم کو امید، خود انحصاری اور ترقی کا نیا پیغام دے دیا۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق نشپا بلاک میں واقع براگزئی ایکس کنواں نمبر ون سے یومیہ ایک کروڑ پانچ لاکھ مکعب فٹ گیس اور چار ہزار ایک سو بیرل خام تیل حاصل ہوگا، جو نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا بلکہ درآمدی انحصار میں بھی نمایاں کمی لائے گا۔
اس کنویں کو پانچ ہزار ایک سو ستر میٹر کی گہرائی تک کھودا گیا ہے، جہاں ڈٹہ فارمیشن میں 187 میٹر طویل ہائیڈروکاربن سے بھرپور زون کی کامیاب نشاندہی ہوئی، جو ایک بڑی تکنیکی اور سائنسی کامیابی ہے۔
نشپا بلاک میں او جی ڈی سی ایل بطور آپریٹر 65 فیصد حصے کے ساتھ قیادت کر رہا ہے، جبکہ پی پی ایل 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے شراکت دار ہیں۔
او جی ڈی سی ایل نے اس بڑے دریافت کو قوم کے لیے نئے سال کا بڑا تحفہ قرار دیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ناشپا بلاک میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔