صرف2 منٹ میں جلی ہوئی استری نئی جیسی کرنے کے آسان طریقے


اکثر گھروں میں یہ مسئلہ سامنے آتا ہے کہ استری کے نچلے حصے پر جلا ہوا کپڑا یا کالی میل جم جاتی ہے، جس کے باعث نہ صرف کپڑے جلتے ہیں بلکہ استری بھی چپچپی اور بے کار محسوس ہونے لگتی ہے۔ ایک لمحے کی لاپرواہی مہنگی اور پسندیدہ شرٹ یا قیمتی کپڑے کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

زیادہ تر لوگ ایسی صورت میں یا تو نئی استری خریدنے کا سوچتے ہیں یا مکینک کے پاس جانے کا ارادہ کرتے ہیں، لیکن یہ مسئلہ اتنا بڑا نہیں جتنا سمجھا جاتا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ آپ کے کچن میں موجود چند عام سی چیزیں جلی ہوئی اور خراب استری کو دوبارہ ہمواراور چمکدار بنا سکتی ہیں، وہ بھی بغیر کسی اضافی خرچ کے۔

اگر استری کے نچلے حصے پر جمی میل کو وقت پر صاف کر لیا جائے تو نہ صرف کپڑے جلنے سے بچ سکتے ہیں بلکہ استری کی عمر بھی بڑھ جاتی ہے۔ اسی لیے ہم آپ کے لیے لائے ہیں وہ آسان اور آزمودہ طریقے، جو چند منٹوں میں استری کو نئی جیسی حالت میں واپس لے آتے ہیں۔

جلی ہوئی استری صاف کرنے کے 5 مؤثر گھریلو طریقے
1۔ لیموں اور بیکنگ سوڈا کا پاورفل پیسٹ

ایک پیالی میں 3 سے 4 چمچ بیکنگ سوڈا لیں اور اس میں تھوڑا سا لیموں کا رس ملا کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔ اس پیسٹ کو استری کے جلے ہوئے حصے پر لگا کر 5 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں کسی پرانے سوتی کپڑے یا نرم اسکربر سے رگڑ کر صاف کریں۔ کالی میل آسانی سے اتر جائے گی۔

2۔ ٹوتھ پیسٹ اور سینڈ پیپر

اگر داغ کافی پرانے اور گہرے ہوں تو ٹوتھ پیسٹ میں تھوڑا سا بیکنگ سوڈا ملا کر جلے ہوئے حصے پر لگائیں۔ کچھ دیر بعد ہلکے ہاتھ سے سینڈ پیپر سے رگڑیں۔ یہ طریقہ سخت داغوں کے لیے خاصا مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

3۔ لیموں ملا پانی اور سرکہ

روئی کو لیموں ملے پانی میں بھگو کر استری کے جلے ہوئے حصے پر کچھ دیر رکھیں تاکہ داغ نرم ہو جائیں۔ اس کے بعد سرکہ کی مدد سے کپڑے سے پونچھ لیں۔ داغ بغیر زیادہ محنت کے صاف ہو جائیں گے۔

4۔ پیراسٹامول کی گولی

یہ طریقہ سننے میں عجیب لگ سکتا ہے، مگر نہایت مؤثر ہے۔ استری کو ہلکا سا گرم کریں اور چمٹے کی مدد سے پیراسٹامول کی گولی جلے ہوئے حصے پر رگڑیں۔ گولی پگھل کر میل کو ڈھیلا کر دے گی، جسے فوراً موٹے سوتی کپڑے سے صاف کیا جا سکتا ہے۔

5۔ نمک اور اخبار

اگر استری چپچپی ہو گئی ہو تو اخبار پر سفید نمک پھیلا دیں۔ استری کو گرم کر کے نمک پر آہستہ آہستہ چلائیں۔ نمک کی رگڑ سے جمی ہوئی گندگی خود بخود صاف ہو جائے گی۔

استری صاف کرنے کے بعد اسے مکمل ٹھنڈا ہونے دیں اور کسی پرانے کپڑے پر ایک بار چلا کر ضرور چیک کریں، تاکہ باقی ماندہ میل آپ کے قیمتی کپڑوں کو نقصان نہ پہنچائے۔

چند منٹ اور کچن میں موجود سادہ چیزیں استعمال کر کے آپ اپنی پرانی استری کو دوبارہ نئی جیسی، محفوظ اور چمکدار بنا سکتے ہیں اور کپڑے جلنے کا ڈر ہمیشہ کے لیے ختم کر سکتے ہیں۔

Related posts

چائنا آنکھیں 2028 پہلی نجی عملہ کے لئے سبوربیٹل اسپیس ٹورزم کے لئے لانچ

جنک گنہگار انتہائی گرمی کے امتحان سے بچ گیا

کرس پرٹ نے اس کے ‘نامناسب’ لطیفوں پر لگام ڈالنے کی وجہ سے