لاہور( طیبہ بخاری سے ) تعمیراتی میٹریل کے ٹرک أورٹرالیوں والے ہو جائیں ہوشیار ، 24گھنٹے مانیٹرنگ شروع، اہم احکامات جاری کر دیئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر لاہور میں انسدادِ سموگ آپریشن ملٹی سیکٹورل سطح پر پوری شدت سے جاری ہے ،ای پی اے پنجاب نے تعمیراتی میٹریل کے ٹرکوں اور ٹرالیوں کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ شروع کر دی، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی ہیوی وہیکلز کا داخلہ لاہور میں بند کر دیا گیا ۔
دوسری جانب دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اوورلوڈڈ ٹرالیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے ،ریت، بجری،مٹی اور دیگر تعمیراتی میٹریل کی ٹرک أورٹرالیاں بغیرترپال اورڈھانپے سڑکوں پر چلنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ای پی اے فورس کی لاہور کے داخلی راستوں پر مسلسل چیکنگ، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے اور گاڑیوں کی بندش جاری ہے ۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تعمیراتی مقامات اور ڈسٹ زونز میں واٹر سپرنکلنگ آپریشن جاری ہے اور ای پی اے، واسا اور ضلعی انتظامیہ رات سے ہی پانی کا چھڑکاؤ کر رہی ہے۔ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران گردوغبار پر قابو پانا سموگ کی روک تھام کے لیے ضروری ہے، تمام ادارے فیلڈ میں موجود ہیں ۔واٹر سپرنکلنگ آپریشن کا مقصد اڑنے والے ذرات کو فضاء میں شامل ہونے اور سموگ میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے، اب کوئی بھی ٹرک یا ٹرالی بغیر ترپال یا اوورلوڈڈ حالت میں تعمیراتی میٹریل نہیں لے جا سکے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے تمام محکموں کو انسدادِ سموگ سرگرمیوں کی روزانہ رپورٹ پیش کرنے اور عوامی آگاہی مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔