اگر آپ نے کبھی خواہش کی ہو کہ گوگل سرچ رزلٹس آپ کی ذاتی زندگی سے زیادہ جڑے ہوئے ہوں تو اب ایسا واقعی ممکن ہوگیا ہے۔
گوگل کی جانب سے پرسنلائزڈ انٹیلی جنس (اے آئی) فیچر کو گوگل سرچ کے آئی موڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
یہ فیچر آپ کے جی میل اور گوگل فوٹوز سے جڑ کر آپ کی شخصیت کے مطابق سرچ پر جوابات فراہم کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اے آئی موڈ گوگل کا ایجنٹک موڈ ہے جس میں اے آئی ٹیکنالوجی آپ کے لیے سرچنگ کرتی ہے۔
جب آپ پرسنلائزڈ انٹیلی جنس کو ٹرن آن کریں گے تو اے آئی ٹیکنالوجی آپ کی ای میل اور تصاویر کی تفصیلات کو استعمال کرکے ترجیحی رزلٹس فراہم کرے گی۔
مثال کے طور پر اگر آپ کسی نئے جوتے کو سرچ کر رہے ہیں تو گوگل اے آئی ای میل اور فوٹوز میں جانے گی کہ ماضی میں کونسے برانڈ کے جوتے آپ خرید چکے ہیں۔
یہ فیچر صارف کو خود ٹرن آن کرنا ہوگا۔
یہ گوگل لیبز کا تجرباتی فیچر ہے اور فی الحال امریکا میں گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اسے ویب، اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز میں استعمال کیا جاسکے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر جلد امریکا سے باہر صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔
گوگل نے بتایا کہ اس فیچر کے لیے جی میل ان باکس یا دیگر ایپس کے ڈیٹا کو مکمل طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا بلکہ محدود تفصیلات پر اے آئی ڈیٹا کو تربیت دی جائے گی۔
