بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا ایئر پورٹ کے کارگو ٹرمینل پر آگ لگنے کے واقعے کے 6 گھنٹے بعد ایئرپورٹ پر معطلی کے بعد پروازیں بحال کردی گئیں۔
آج دوپہر حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو ایریا میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی جس کے باعث تمام پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی تھی۔
وزارتِ شہری ہوا بازی و سیاحت کے مطابق دوپہر تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر ہوائی اڈے کے کارگو ولیج میں لگنے والی آگ پر رات 9 بجے مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔

فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس ہیڈکوارٹر نے اپنے اعلامیے میں تصدیق کی کہ آگ بجھانے کا عمل 36 فائر فائٹنگ یونٹس، ہوائی اڈے کے عملے اور دیگر اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا۔
وزارت کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پروازوں کی آمد و رفت رات 9 بج کر 20 منٹ پر بحال کر دی گئی۔
بنگلا دیش آرمی، ایئر فورس اور دیگر اداروں کے فائر فائٹرز نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
احتیاطی اقدام کے طور پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی تھیں اور طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔