صبح یا شام، کونسی واک جسم کی چربی کو زیادہ کم کرتی ہے؟ صحت سےمتعلقہ امور میں دلچسپی رکھنے والے ہر شخص کے ذہن میں یہ سوال ضرور آتا ہے۔
ہر شخص صحت مند زندگی کے لیے واک یعنی چہل قدمی کی اہمیت اور افادیت سے واقف ہے، بہت سے افراد مصروفیت میں بچنے والے وقت میں پارک کا رخ کرتے ہیں تاکہ خود کو فٹ اور متحرک رکھا جاسکے۔
واک کی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ خون میں شوگر کی سطح بہتر کرتی، دل کی صحت کیلئے معاون بنتی اور میٹابولزم کو بڑھاتی ہے، اسی دوران جسم آکسیجن کی مدد سے چربی اور کاربو ہائیڈریٹس کو توانائی میں بدل دیتا ہے۔
صبح کی چہل قدمی کے دوران انسانی جسم خالی پیٹ ہوتا ہے جبکہ شام میں آپ کے جسم کو دوپہر کے کھانے سے غذا مل چکی ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق ناشتے سے پہلے ورزش سے جسمانی چربی کے جلنے کا عمل 24 گھنٹے کے دوران زیادہ ہوجاتا ہے کیونکہ اس دوران انسولین کی سطح کم ہوتی ہے، جو اس کےلیے معاون ہے، اس کے مقابلے میں کھانے کے بعد واک کرنے سے جسم زیادہ تر گلوکوز یعنی کاربوہائیڈریٹس کو استعمال میں لاتا ہے۔
صبح اور شام دونوں اوقات کی واک صحت کےلیے مفید ہے لیکن خالی پیٹ چہل قدمی چربی جلانے کے لیے زیادہ موثر ہے۔
اس کے باوجود خالی پیٹ چہل قدمی سے صحت پر خطرناک اثرات بھی پڑسکتے ہیں کیونکہ بلڈ شوگر کم ہونے کی وجہ سے آپ کو چکر آسکتے ہیں، کمزوری یا غشی ہوسکتی ہے، خاص طور ذیابیطس اور دل کے مریض ضرور احتیاط کریں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔