بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج میں ایک چائے والے کے گھر سے پولیس نے 1 کروڑ روپے سے زائد نقدی اور سونا چاندی برآمد کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بہار پولیس نے ایک بڑے سائبر فراڈ نیٹ ورک کا معلوم ہونے کے بعد گوپال گنج کے ایک چائے فروش کے گھر سے 1 کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد نقدی، سونا، چاندی اور درجنوں بینک دستاویزات برآمد کی ہیں۔
پولیس نے اس کارروائی کے دوران دو بھائیوں کو گرفتار کر لیا جو مبینہ طور پر ایک بین الریاستی سائبر کرائم گینگ سے وابستہ تھے۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر 17 اکتوبر کی رات امايتھی خورد گاؤں میں چھاپہ مارا گیا۔ گھر کی تلاشی کے دوران 1 کروڑ 5 لاکھ سے زائد بھارتی روپے ڈیڑھ پاؤ سونا، 2 کلو کے قریب چاندی اور 85 اے ٹی ایم کارڈز کے ساتھ 75 چیک بکس برآمد کی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے 2 لیپ ٹاپ، 3 موبائل فون اور ایک لگژری کار بھی برآمد کی گئی ہے۔
سائبر کرائم فورس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں ابھیشیک کمار اور آدتیہ کمار شامل ہیں، حیران کن طور پر ابھیشیک کبھی ایک چائے کا ٹھیلا لگایا کرتا تھا، لیکن بعد میں وہ مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی سائبر فراڈ ریکٹ سے جڑ گیا۔
تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ وہ دبئی منتقل ہو گیا تھا اور وہاں سے نیٹ ورک کے فراڈ آپریشنز کی نگرانی کرتا تھا، جب کہ اس کا بھائی بھارت میں مالی لین دین اور انتظامی کام سنبھالتا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گینگ مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے فراڈ سے حاصل رقم منتقل کرتا تھا اور بعد میں اسے نقدی میں تبدیل کر لیتا تھا۔