معروف اداکارہ کومل عزیز خان نے پہلی بار اپنی اداکاری چھوڑنے کی اصل وجہ بیان کر دی۔
کومل عزیز خان نے ڈرامہ ’بھروسہ پیار تیرا‘ سے شہرت حاصل کی اور دیگر مشہور ڈراموں میں کام کیا، انہوں نے اب شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر کے اپنا فیشن برانڈ Omal by Komal قائم کر لیا ہے۔
کومل عزیز خان نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کے فیصلے کے بارے میں کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ میں ایک قدامت پسند خاندان سے تعلق رکھتی ہوں، میرے گھر والوں پر میرے شوبز میں کام کرنے پر پہلے ہی دباؤ تھا کیونکہ وہ میرے پیشے سے خوش نہیں تھے، میری اداکاری کے دوران گھر والوں سے اختلافات بھی ہوئے، کیونکہ میرا خاندان پڑھا لکھا ہے اور وہ کہتے تھے کہ امریکا سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد تم خود کو اس فیلڈ میں ضائع کر رہی ہو، آخرکار میں نے اپنی فیملی کی خاطر شوبز چھوڑ دیا، کچھ وقت تھراپی اور مینٹل ہیلتھ سیشنز لینے کے بعد میں نے واضح فیصلہ کیا کہ یہی بہتر ہے۔
کومل عزیز خان نے مزید کہا کہ میرے لیے شوبز میں آنا آسان تھا، مجھے ابتدا ہی میں بڑے پراجیکٹ میں مرکزی کردار مل گیا، جیسے آنا آسان تھا، ویسے ہی جانا بھی آسان رہا کیونکہ میں نے اپنی اَنا پر قابو رکھا، میں ان لوگوں میں سے نہیں جو وقتی شہرت کے پیچھے بھاگیں، میں نے ہمیشہ لانگ ٹرم ویژن کے ساتھ سوچا، جب میں کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے والی تھی، تب میں نے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا، میں بزنس اور اداکاری دونوں میں کامیاب تھی، لیکن زندگی کے ایک موڑ پر مجھے ایک راستہ چننا تھا اور میں نے اپنا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب میں اپنی زندگی سے مطمئن اور خوش ہوں اور میرا سارا فوکس اپنے کاروبار اور ذاتی سکون پر ہے۔