آپ چاہے جتنی بھی احتیاط کریں، مگر فون کے گرنے کا خطرہ ہمیشہ موجود ہوتا ہے یا اس پر پانی گر جاتا ہے۔ اچھی خبر تو یہ ہے کہ پانی گرنے سے ڈیوائس فوری طور پر خراب نہیں ہوتی بلکہ بروقت اقدام کرکے آپ اسے بچا سکتے ہیں۔
مگر صرف فون کی سطح کو ہی خشک کرنا ضروری نہیں بلکہ چارجنگ پورٹ سے پانی کو نکالنا بھی ضروری ہے، ورنہ چارجنگ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔ ویسے تو کہا جاتا ہے کہ خشک چاولوں میں فون کو رکھنے سے فون کو خشک کیا جاسکتا ہے مگر ایسا ضروری نہیں، کیونکہ چاول میں موجود باریک گرد اور دیگر کچرا فائدے کی بجائے نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ایسا بھی تصور کیا جاتا ہے کہ فون کی چارجنگ پورٹ کو کسی ہیئر ڈرائیر سے خشک کیا جاسکتا ہے مگر ایسا کرنا تباہ کن ہوسکتا ہے کیونکہ ہیئر ڈرائیر کی حرارت نقصان پہنچا سکتی ہے۔
تو پھر آپ کو فون کی چارجنگ پورٹ سے پانی نکالنے کے لیے کیا کرنا چاہیے؟
فون کی چارجنگ پورٹ سے پانی نکالنا زیادہ مشکل نہیں فون کی چارجنگ پورٹ سے پانی کو کیسے نکالیں؟ یہ زیادہ مشکل نہیں / فائل فوٹو
درج ذیل میں آپ وہ نکات جان سکتے ہیں جو اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
1۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ چارجنگ پورٹ میں پانی چلا گیا ہے تو سب سے پہلے اپنے فون کو ہی بند کر دیں، اب تو بیشتر نئے فونز میں موئسچر ڈیٹکشن وارننگ بھی کیبل پلگ کرنے پر ڈسپلے ہوتی ہے۔
2۔ فون کو صاف کریں، خاص طور پر چارجنگ پورٹ کے اردگرد، اس کے لیے خشک کپڑے کو استعمال کریں، یہ کام بہت احتیاط سے کریں تاکہ پانی مزید اوپر نہ چلا جائے۔
3۔ اپنے فون کو نرمی سے جھٹکے دیں تاکہ پانی پورٹ سے باہر نکل سکے، آپ ہاتھ سے فون کو آہستہ آہستہ تھپکی بھی لگاسکتے ہیں۔
4۔ فون کو کسی ایسے کمرے میں کچھ گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں جہاں ہوا کی نکاسی بہترین ہوتی ہے۔
5۔ اس عمل کو تیز کرنا چاہتے ہیں تو پنکھے کا استعمال کرسکتے ہیں، اسی طرح کسی زپ والے بیگ میں فون کو چند سلیکا جیل پیکٹوں کے ساتھ رکھ دیں جو نمی کو جذب کرلیتے ہیں۔
جب فون کی چارجنگ پورٹ گیلی محسوس نہ ہو تو پھر ڈیوائس کو چارج کرنے کی کوشش کریں۔
اگر خشک ہونے پر بھی فون چارج نہ ہو تو پھر کیا کریں؟ فون کی چارجنگ پورٹ سے پانی کو کیسے نکالیں؟ چند طریقوں کو مزید آزما سکتے ہیں / فائل فوٹو
اگر چارجنگ پورٹ سے پانی نکالنے کے بعد بھی فون چارج نہ ہو تو چند دیگر طریقوں کو آزما سکتے ہیں۔
ایک تو یہ کہ آپ کسی مختلف چارجنگ کیبل کو استعمال کرکے دیکھیں۔ اگر آپ اینڈرائیڈ فون استعمال کر رہے ہیں تو یو ایس بی سیٹنگز میں جائیں۔ اس کے لیے سیٹنگز، ایپس اور سسٹم ایپس میں جانا ہوگا۔
وہاں یو ایس بی سیٹنگز میں جاکر کلیئر cache پر کلک کریں اور پھر دیکھیں کہ کیا فون چارج ہو رہا ہے یا نہیں۔ آئی فون میں یو ایس بی سیٹنگز کا آپشن ہی موجود نہیں تو ان کے لیے اسے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
اگر سب کچھ کرنے کے باوجود چارجنگ کا مسئلہ برقرار رہے تو یہ ممکنہ طور پر زیادہ سنگین ہارڈ وئیر مسئلہ ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں فون کو کسی ماہر کو دکھانے کی ضرورت ہوتی ہے یا وائرلیس چارجنگ (اگر فون میں دستیاب ہے) کو بھی آزما کر دیکھ سکتے ہیں۔