انسٹاگرام نے کم عمر صارفین کی حفاظت کے لیے اپنے پلیٹ فارم پر پابندیوں کو مزید سخت کردیا ہے۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ 18 سال سے کم عمر کے صارفین کے لیے انسٹاگرام پر نئے اور سخت قوانین متعارف کرائے جا رہے ہیں، تاکہ انہیں نامناسب مواد سے بچایا جا سکے۔
میٹا نے سب سے پہلے ٹین (کم عمر) اکاؤنٹس کو ایک سال قبل متعارف کرایا تھا، اور اب ان پر مزید پابندیاں لگائی جا رہی ہیں۔ نئے قوانین کے مطابق، کم عمر صارفین اب وہ اکاؤنٹس نہیں دیکھ یا فالو کر سکیں گے جو اکثر نامناسب یا غیر موزوں مواد شیئر کرتے ہیں۔ ایسے اکاؤنٹس کو 18 سال سے کم عمر صارفین کی ریکومینڈیشنز یا سرچ رزلٹس میں نظر آنے سے روک دیا جائے گا۔
میٹا نے اس کے علاوہ ایک اور اہم تبدیلی متعارف کرائی ہے جس کے تحت کم عمر صارفین کو بعض مخصوص سرچ اصطلاحات جیسے الکحل کے استعمال کے بارے میں مواد دیکھنے سے بھی روکا جائے گا۔
انسٹاگرام نے ایک اور فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے اکاؤنٹس پر کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔ اس فیچر کے تحت، والدین اپنے بچوں کے کمنٹس تک رسائی کو محدود کر سکیں گے، یہاں تک کہ وہ اپنی پوسٹس کے کمنٹس بھی نہیں دیکھ سکیں گے۔
مزید برآں، میٹا نے ایک نیا رپورٹنگ فیچر بھی متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس کی نگرانی کر سکیں گے اور اگر انہیں کوئی پوسٹ نامناسب لگے، تو وہ اسے فلیگ کر سکیں گے۔
یہ نئی تبدیلیاں بتدریج متعارف کرائی جائیں گی، اور سب سے پہلے امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں لاگو کی جائیں گی۔