راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے کو جیل میں عمران خان کی طرح سہولیات فراہم کی جائیں۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد وکیل فیصل ملک کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ علیمہ خان نے کہا کہ آپ سب سوال پوچھ رہے ہیں کہ پشاور میں کابینہ نہیں بنے گی، کیا وفاقی حکومت کو فکر نہیں کہ آپ ایک وزیراعلی کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے نہیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ وزیراعظم سے کیوں سوال نہیں کرتے کہ اگر ان کو اپنے ملک کی فکر ہے، بانی ایک پارٹی کے سربراہ ہیں، اس کا کام بنتا ہے کہ وہ اپنے وزیر اعلیٰ سے مشاورت کرسکیں۔علیمہ خان نے کہا کہ آصف زرداری صاحب جب کراچی جیل میں تھے تو ان کا بہت زبردست صحن تھا جہاں وہ شام کو بیٹھ کر چائے پیتے تھے، نواز شریف کو ساری سہولیات تھیں، آپ یہ سمجھیں کہ ان کے کمرے میں اے سی لگا ہوا تھا لیکن بانی پی ٹی آئی کا چکی کا سیل ہے وہاں اے سی نہیں لگتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی دو سال سے ڈیتھ سیل میں ہیں، پولیس والے کہتے ہیں کہ آج تک قید تنہائی میں بانی کی طرح کسی کو نہیں دیکھا، چکی کے کمرے کا سائز 8بائی 10 ہے، بانی کو کسی سے ملاقات کی اجازت نہیں تو اس کا مطلب وہ قید تنہائی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس نے ہائی کورٹ میں پٹیشن کی کہ اسے عمران خان کی طرح سہولیات دی جائیں، اسے سہولیات دے دیں تو وہ روئے گا۔علیمہ خان نے کہا کہ بانی کا پیغام اڈیالہ سے باہر دینے پر میرے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہوا، میں نے وہ پیغام 22نومبر کو آپ کو دیا تھا، میں پھر سے کہتی ہوں میں اکیلے نہیں جاؤں گی۔میڈیا کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ میں نے پیغام آپ کو دیا تھا جرم آپ نے کیا ہے کیوں کہ آپ نے اسے عوام تک پہنچایا ہے، ہم فیصلہ کر رہے ہیں کس کو کیا کرنا ہے، اگر میں جیل چلی جاؤں تو ہمیں اور ٹیم تیار چاہیے۔علیمہ خان نے کہا کہ فیصل ملک جو پیغام دے رہے ہیں، ہم اس کی تصدیق کرکے پہنچا رہے ہیں۔