3
Table of Contents
انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی کے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ دو ون ڈے میچوں میں مسلسل صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ان کی اہلیہ اور معروف اداکارہ انوشکا شرما کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مداحوں نے اس رویے کو ’زہریلا‘ اور ’عورت مخالف سوچ‘ قرار دیتے ہوئے اداکارہ کا بھرپور دفاع کیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق وراٹ کوہلی کے اور انوشکا شرما 2017 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد سے انوشکا کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ شادی کے بعد وراٹ کوہلی جب بھی پرفارم نہ کرتے تو سوشل میڈیا پر انوشکا شرما کی ٹرولنگ شروع ہو جاتی، تاہم حالیہ دنوں میں آسٹریلیا کے خلاف وراٹ کوہلی کے مسلسل دو میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد ایک بار پھر سے اس سلسلے کا آغاز ہو گیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انوشکا شرما کو وراٹ کوہلی کی ناکامیوں کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ ’وراٹ کوہلی اس بات کی زندہ مثال ہے کہ غلط پارٹنر آپ کا کیریئر برباد کر سکتا ہے۔‘ ایک اور پوسٹ میں کہا گیا ’میں اس کی ناکامی کے لیے انوشکا شرما کو ذمہ دار ٹھہراتا ہوں۔‘
افسوسناک طور پر کچھ تبصروں میں اداکارہ کے خلاف نفرت انگیز اور نازیبا جملے بھی لکھے گئے جن میں ایک صارف نے انہیں موت کی بددعا تک دے دی۔
دوسری جانب انوشکا شرما کے مداحوں نے فوری ردِعمل دیتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ ایک صارف نے ایکس پر لکھا ’یہ مضحکہ خیز ہے کہ ہر بار جب کسی مرد کا پسندیدہ کھلاڑی اچھا نہیں کھیلتا، تو الزام کسی عورت پر ڈال دیا جاتا ہے۔‘
ایک اور نے کہا کہ ’یہ لڑکی تب سے ٹرول ہو رہی ہے جب سے وہ وراٹ کو ڈیٹ کر رہی تھیں، لوگ بس کسی عورت کو الزام دینے کا بہانہ ڈھونڈتے ہیں۔‘
ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ ’وراٹ کے پرستاروں کو شرم آنی چاہیے کہ وہ اپنی ہیرو کی اہلیہ کو اس کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں۔‘
کچھ مداحوں نے یہ بھی کہا کہ اسی طرح کے منفی رویے کی وجہ سے وراٹ اور انوشکا نے شاید اپنا خاندان لندن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کی شادی 2017 میں ہوئی تھی۔ ان کی اولاد میں بیٹی وامیکا اور بیٹا آکائے شامل ہیں۔