دسمبر 2025 فلکیات کے شوقین افراد کے لیے دلچسپ اور غیر معمولی آسمانی سرگرمیوں سے بھرپور مہینہ ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق اس دوران بین النّظامی دم دار ستارہ 3 زمین کے قریب ترین فاصلے سے گزرے گا، سالانہ جمنائیڈ میٹیئر شاور اپنے عروج پر ہوگا، جبکہ چاند اور مشتری کا حسین اقتران بھی آسمان کو دلکش بنا دے گا۔
ماہرین کے مطابق بین النّظامی دم دار ستارہ 3 دسمبر کو زمین سے تقریباً 274 ملین کلومیٹر کی دوری پر ہوگا۔ اگرچہ یہ فاصلہ بہت زیادہ ہے، تاہم دم دار ستارہ کا قریب آنا سائنسی لحاظ سے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق یہ دم دار ستارہ زمین کے لیے کسی خطرے کا باعث نہیں، اور 30 سینٹی میٹر یا اس سے بڑے ٹیلی اسکوپ کے ذریعے اس کا مشاہدہ ممکن ہے، اس کا مشاہدہ اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ یہ ہمارے نظامِ شمسی کا حصہ نہیں بلکہ سورج کے نظام سے باہر سے آنے والا ایک بین النّظامی جسم ہے۔
7 دسمبر کو چاند اور مشتری کا نایاب ملاپ دیکھا جا سکے گا، جس میں دونوں آسمانی اجسام بظاہر ایک دوسرے کے بہت قریب نظر آئیں گے۔ اگر آسمان صاف ہو تو یہ بغیر دوربین کے آنکھوں کے ذریعے براہِ راست دیکھا جا سکتا ہے۔
13 اور 14 دسمبر کی راتوں کو سالانہ جمنائیڈ میٹیئر شاور پوری شدت کے ساتھ نمودار ہوگا، جس میں ایک گھنٹے میں 120 تک ٹوٹتے تارے دکھائی دے سکتے ہیں، بہترین مشاہدے کے لیے شہری روشنیوں سے دور تاریک مقامات مثالی رہیں گے۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ مشاہدے کے دوران گرم لباس، کم شدت والی روشنی اور مناسب مقام کا انتخاب تجربے کو مزید بہتر بنا سکتا ہے۔