اکثر لوگوں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ اسمارٹ فون کچھ ہی عرصے میں گرد و غبار کا شکار ہو جاتا ہے جس کے بعد اس میں مختلف مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔
خاص طور پر اسپیکر، ایئر پیس اور چارجنگ پورٹ میں مٹی جمع ہو جائے تو نہ صرف آواز متاثر ہوتی ہے بلکہ فون چارج ہونے میں بھی مسائل پیدا ہونے لگتے ہیں۔ مگر اب ایک ایسی چیز مارکیٹ میں دستیاب ہے جو بظاہر مٹی جیسی دکھائی دیتی ہے، لیکن حقیقت میں آپ کے فون کو نیا جیسا بنا سکتی ہے۔
یہ دراصل ایک خاص قسم کی صفائی کی پُٹّی ہے جو فون کلینر کے طور پر استعمال کی جاتی ہے۔ اس کا کام یہی ہے کہ یہ فون کے ان باریک اور تنگ حصوں سے بھی گرد و غبار نکال لیتی ہے جہاں عام صفائی کے طریقے ناکام ہو جاتے ہیں۔
پُٹّی کلینر کیا ہے؟
یہ صفائی کی پُٹّی ربڑ اور مٹی جیسے نرم مواد کا امتزاج ہوتی ہے۔ یہ نہایت لچکدار اور قدرے چپچپی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے یہ آسانی سے مختلف شکلیں اختیار کرلیتی ہے۔ یہی خاصیت اسے اسمارٹ فون کے حساس حصوں تک پہنچنے کے قابل بناتی ہے۔
کہاں کہاں فائدہ مند ہے؟
یہ پُٹّی اسمارٹ فون کے اسپیکر اور ایئر پیس میں جمع مٹی صاف کرنے، چارجنگ پورٹ میں پھنسی گرد نکالنے اور ایئرفون یا چارجر جیسے آلات کی صفائی کے لیے بے حد مؤثر ثابت ہوتی ہے۔
جب اسے فون کے تنگ حصوں پر دبایا جاتا ہے تو یہ اپنے ساتھ جمی ہوئی گندگی کو چپکا کر باہر نکال لیتی ہے، جس سے فون دوبارہ صاف ستھرا نظر آنے لگتا ہے۔
عام طریقوں سے بہتر کیوں؟
زیادہ تر لوگ فون صاف کرنے کے لیے پن، سوئی یا ٹوتھ پک جیسی نوکیلی اشیا استعمال کرتے ہیں، جو فون کے نازک حصوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ اس کے برعکس پُٹّی کلینر ایک محفوظ طریقہ ہے جو کسی دباؤ یا خراش کے بغیر صفائی کر دیتا ہے۔ یہ خود ہی فون کے اندرونی حصوں کی شکل اختیار کر لیتی ہے اور دھول کو آسانی سے باہر لے آتی ہے۔
استعمال کا طریقہ
پیکٹ میں سے پُٹّی کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا نکالیں اور چند لمحے ہاتھوں میں ملیں تاکہ وہ نرم ہو جائے۔ اس کے بعد اسے فون کے اسپیکر، ایئر پیس یا چارجنگ پورٹ پر ہلکے سے دبائیں۔ چند سیکنڈ بعد پُٹّی کو باہر نکالیں، گندگی بھی اس کے ساتھ باہر آ جائے گی۔ یوں چند ہی منٹوں میں آپ کا فون بغیر کسی خطرے کے صاف ہو جائے گا۔
