دنیا بھر میں روایتی ایندھن کی بجائے ماحول دوست فیول سے چلنے والی گاڑیوں پر کام ہورہا ہے۔
ان میں الیکٹرک گاڑیاں اہم ہیں اور اب پہلی ایسی ایس یو وی الیکٹرک ہائبرڈ گاڑی تیار کی گئی ہے جو سیکڑوں میل تک سنگل چارج پر سفر کرسکتی ہے۔
چینی کمپنی ایکس پینگ نے جی 7 ایس یو وی متعارف کرائی ہے۔
اس ایس یو وی میں 55.8 کلو واٹ بیٹرک پیک اور ایک چھوٹا پیٹرول انجن موجود ہے جس کے لیے گاڑی میں 60 لیٹر کی گنجائش والا فیول ٹینک دیا گیا ہے۔
یہ گاڑی بجلی اور پیٹرول پر 1058 میل تک بلا رکے سفر کرسکتی ہے۔
روایتی ہائبرڈ سسٹمز کے برعکس جن میں الیکٹرک موٹر اور چھوٹے بیٹری پیکس کو استعمال کیا جاتا ہے، جی 7 میں بیٹری پیک اور پیٹرول انجن پر انحصار کیا گیا ہے جو گاڑی کے سفر کے دوران بیٹریوں کو بھی چارج کرتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی سنگل چارج پر بیجنگ سے شنگھائی یا یوں کہہ لیں کہ کراچی سے لاہور (لگ بھگ) جتنا فاصلہ بلا رکے طے کرسکتی ہے۔
جی 7 کے ساتھ کمپنی نے پی 7 پلس سیڈان گاڑی بھی متعارف کرائی ہے جس میں بھی ایس یو وی کی طرح سپر ایکسٹینڈ رینج ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس سیڈان کی بیٹری سنگل چارج پر 267 میل تک سفر کرسکتی ہے جبکہ مجموعی رینج 963 میل ہے۔
جی 7 ایس یو وی کی قیمت ایک لاکھ 95 ہزار 800 یوآن رکھی گئی ہے جبکہ پی 7 پلس کو خریدنے کے لیے ایک لاکھ 80 ہزار 800 یوآن خرچ کرنا ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے ان گاڑیوں کو چین سے باہر متعدد ممالک میں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
یورپ، جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقا میں ان گاڑیوں کو ٹیسلا کے مقابلے پر پیش کیا جائے گا۔
