نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں آگاہ کیا ہے کہ سب میرین کیبل کی مرمت کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ہے۔
نادرا کے مطابق اس صورتحال پر 15 جنوری 2026 بروز جمعرات دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک پاک آئی ڈی موبائل ایپ اور بیرونِ ملک نادرا کاؤنٹرز کے ذریعے فراہم کی جانے والی خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
پی ٹی اے نے اس سے قبل جاری اپنے اعلامیے میں وضاحت کی تھی کہ 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروسز میں کسی قسم کی بندش سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔
اس معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، ایک صارف نےپی ٹی اے کا ٹویٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سب ایک ہی پیج پر ہیں، بس یہی نہیں ہیں۔
ابو علقمہ نامی صارف نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ انٹرنیٹ سروسز جاری رہیں گی جبکہ سرکاری ادارہ نادرا کہہ رہا ہے کہ انٹرنیٹ بند ہو جائے گا، آپ دونوں میں سے کون درست ہے اور کون غلط؟ ایک ایکس صارف نے کہا کہ پہلے آپس میں فیصلہ کر لو کہ آخر انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوں گی یا نہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پہلے ہی سست رفتار کا شکار ہے اور امکان ہے کہ آئندہ بھی یہی صورتحال برقرار رہے، اگرچہ مکمل بندش نہ ہو۔
کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگرپی ٹی اے کا مؤقف درست ہے تو پھر نیاٹیل اور پی ٹی سی ایل جیسے اداروں کی جانب سے یہ الرٹس کیوں جاری کیے گئے ہیں کہ ان کی سروسز متاثر ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے اس سے قبل جاری اپنے اعلامیے میں وضاحت کی تھی کہ 15 جنوری کو انٹرنیٹ سروسز میں کسی قسم کی بندش سے متعلق پھیلائی جانے والی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق مستحکم اور مکمل طور پر فعال رہیں گی، جبکہ سب میرین کیبل کی مرمت کا عمل معمول کے تحت جاری ہے۔
