اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں اشتہارات کی آزمائش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی گو اور اس آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ کو مفت استعمال کرنے والے صارفین میں اشتہارات کی آزمائش کی جائے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ اشتہارات صارف کی حالیہ گفتگو کو مدنظر رکھ کر دکھائے جائیں گے۔
اوپن اے آئی کا کہنا تھا کہ یہ واضح کیا جائے گا کہ یہ اشتہارات ہیں اور وہ چیٹ جی پی ٹی کے جوابات کے نیچے موجود ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے حساس یا مختلف موضوعات جیسے صحت، ذہنی صحت یا سیاست سے متعلق اشتہارات نہیں دکھائے جائیں گے۔
اسی طرح ایسے اشتہارات بھی نظر نہیں آئیں گے جن میں صارف کی عمروں کا تعین کرنے والے سسٹمز کا استعمال کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق صارفین کی چیٹ کو اشتہاری کمپنیوں کو فروخت نہیں کیا جائے گا اور یہ ڈیٹا ان تک منتقل نہیں ہوگا۔
صارف پرسنلائزیشن کو ٹرن آف کرسکیں گے اور اشتہارات کے لیے استعمال ہونے والے ڈیٹا کو کلیئر کرسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے اشتہارات کا اعلان چیٹ جی پی ٹی گو کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ کیا گیا۔
پاکستان میں یہ سبسکرپشن پلان پہلے سے دستیاب ہے مگر اب اسے دنیا بھر میں پیش کیا جارہا ہے۔
اس کی ماہانہ فیس 8 ڈالرز رکھی گئی ہے اور یہ اس کمپنی کا اب تک سب سے سستا سبسکرپشن پلان ہے۔
