ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی فلیگ شپ ڈیوائس آئی فون کے 18 ویں ایڈیشن سے متعلق مزید اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر موجود ایک اکاؤنٹ ایپل حب نے ایک پوسٹ میں تصویر شیئر کی جس میں آئی فون 18 سے متعلق تفصیلات کا انکشاف ہوا۔
شیئر کی گئی پوسٹ میں آئی فون 18 میں متوقع چار فیچر سے متعلق بتایا گیا ہے، جن کے مطابق ڈیوائس کو 6.3 انچ اور 6.9 انچ کا ڈسپلے سائز میں پیش کیا جائے گا جبکہ اس میں ڈائنامک آئی لینڈ بھی موجود نہیں ہوگا۔
رپورٹس کے مطابق اس ڈیوائس میں فرنٹ کیمرا اوپر کی جانب بائیں کونے میں ہوگا اور یہ فون انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
دوسری جانب ایپل کمپنی نے iOS 18 سسٹم کے ذریعے ایک ایسا نیا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کی سہولت پہلے آئی فون صارفین کو نہیں تھی۔
آئی فون بنانے والی ایپل کمپنی نے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 18 متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے اب آئی فون کے صارفین بھی کال ریکارڈنگ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس میں نہ صرف آپ کال ریکارڈ کر سکیں گے بلکہ اس کو محفوظ بھی رکھ سکیں گے۔
ڈیجیٹ ان ویب سائٹ کے مطابق آئی او ایس 18 میں ایسے کئی فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جو پہلے صرف اینڈرائیڈ فونز پر ہی دستیاب تھے اور ان میں سے ایک کال ریکارڈنگ فیچر ہے۔
اس سے قبل آئی فون صارفین اپنے موبائل فون پر کال ریکارڈنگ نہیں کر سکتے تھے اور انہیں ایسا کرنے کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ تاہم اب آئی او ایس 18 کے متعارف ہونے سے آئی فون صارفین بھی براہ راست اس فیچر سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
iOS 18 میں فون کال ریکارڈز کرنے کا طریقہ کار بھی انتہائی آسان ہے اور اس کے لیے آپ کو اپنے فون پر آنے والی کال کو ریکارڈ کے آپشن سے جوڑنا ہوگا جو اسکرین پر آپ کو ریکارڈ بٹن کی صورت نظر آئے گا۔
