مصنوعی ذہانت (اے آئی) پلیٹ فارم اوپن اے آئی نے 2025 میں اپنی سالانہ آمدنی $20 بلین سے بڑھ جانے کا دعویٰ کیا ہے، جو پچھلے سال $6 بلین کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر سارہ فرائیئر نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ 2025 میں اوپن اے آئی کی سالانہ آمدنی کی رفتار $20 بلین سے تجاوز کر گئی ہے، جو کمپنی کی کمپیوٹنگ صلاحیت میں توسیع کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
ان کے مطابق اوپن اے آئی کی کمپیوٹنگ صلاحیت 2024 میں 0.6 گیگا واٹ (GW) سے بڑھ کر 2025 میں 1.9 گیگا واٹ تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مائیکروسافٹ کی معاونت یافتہ اس کمپنی کے روزانہ اور ہفتہ وار سرگرم صارفین کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر ہے۔
اوپن اے آئی نے بتایا ہے کہ چیٹ جی پی ٹی میں کچھ امریکی صارفین کے لیے اشتہارات دکھانے کا آغاز کیا جائے گا تاکہ اے آئی ٹیکنالوجی کی ترقی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو پورا کیا جا سکے۔
مزید براں، کمپنی کے پالیسی چیف کرس لیہین نے کہا ہے کہ 2026 کے دوسرے نصف میں اپنا پہلا ڈیوائس متعارف کرانے کا منصوبہ مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے۔
سارہ فرائیئر کے مطابق اوپن اے آئی کا پلیٹ فارم متن، تصاویر، آواز، کوڈ اور اے پی آئی کو یکجا کرتا ہے، اور آنے والے وقت میں توجہ ایجنٹس اور ورک فلو آٹومیشن پر مرکوز رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2026 میں کمپنی خاص طور پر صحت، سائنس اور کاروباری شعبوں میں اے آئی کے عملی استعمال کو ترجیح دے گی، جبکہ بیلنس شیٹ کو ہلکا رکھنا کمپنی کی حکمتِ عملی ہے، جس کے لیے شراکت داریوں اور لچکدار معاہدوں کو ترجیح دی جائے گی۔
