دبئی میں قانونی کارروائیوں کو مزید آسان بنانے کیلئے دبئی پولیس نے وکلا کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کرادیا۔
اس نئے پلیٹ فارم کے ذریعے وکلا اب پولیس اسٹیشن جائے بغیر اپنے کیسز کی پیروی کر سکیں گے جب کہ وکلا اور دیگر قانونی ماہرین کو آن لائن قانونی خدمات فراہم کی جائیں گی۔
ان خدمات میں فوجداری شکایات کی تحقیقات، سفری پابندیوں کی جانچ پڑتال اور قیدیوں سے ورچوئل ملاقات کی اجازت نامہ حاصل کرنا شامل ہیں۔
نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے پاور آف اٹارنی کا حصول بھی فوری طور پر ممکن ہوگا جو کہ وکلا اور ان کے کلائنٹس کے لیے ایک بڑی سہولت ہے۔نئے پلیٹ فارم پر وکلا کو الیکٹرانک دستخط اور سرٹیفکیٹس کا حصول بھی چند کلکس کی دوری پر ہوگا جس سے قانونی کارروائیاں تیز اور مزید شفاف ہوں گی۔
نئے پلیٹ فارم کے تحت اماراتی شناختی اسمارٹ ڈیجیٹل ایپ ‘یو اے ای پاس’ کے ذریعے قانونی خدمات حاصل کی جا سکیں گی۔
اس کے علاوہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اسسٹنٹ (AiX) وکلا کو مرحلہ وار رہنمائی فراہم کرے گا تاکہ وہ پلیٹ فارم کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
