لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینیئر محمد رمضان بٹ شٹ ڈاؤن کے دوران فیلڈ ٹیموں کے کام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے خود فیلڈ میں پہنچ گئے۔ انہوں نے سینٹرل سرکل اور ڈی ایچ اے (ایسٹ) سرکل کاہنگامی دورہ کیا اور لیسکو کے مرمتی، بحالی اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی معائنہ کیا .
تفصیلات کے مطابق انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مرمتی کاموں کو ٹیکنیکل معیار اور حفاظتی اصولوں کے عین مطابق مکمل کیا جائے، ریلیف کیمپوں، ہسپتالوں اور دیگر اہم تنصیبات کو ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔ سی ای او لیسکو نے فیلڈ سٹاف کے حفاظتی ساز و سامان، سپلائی چین اور لاجسٹکس کے فوری تقویت دینے کے احکامات بھی جاری کئے تاکہ مرمتی عمل تیز، محفوظ اور مؤثر طریقے سے جاری رہے۔
انجینئر محمد رمضان بٹ نے مزید کہا کہ شٹ ڈاؤن کے دوران فیلڈ سٹاف کی محنت اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت صارفین کو کم سے کم خلل کے ساتھ جلد از جلد بجلی بحال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نے نہ صرف فیلڈ ٹیموں کی جانفشانی، حفاظتی ضوابط پر عمل اور بروقت کاروائیوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہا بلکہ تمام متعلقہ یونٹس، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام خصوصاً متاثرہ علاقوں کے صارفین سے گزارش ہے کہ وہ اپنی حفاظت کو مقدم رکھتے ہوئے متعلقہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔