معروف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی نیا ویب براؤزر ’چیٹ جی پی ٹی اٹلس‘ متعارف کروا دیا ہے۔
یہ براؤزر صارفین کو ویب پر براؤز کرتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے مختلف کاموں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اٹلس صرف ایک براؤزر نہیں بلکہ ایک ذہین معاون ہے، جو صارفین کو ویب پر مزید فطری اور آسان تجربہ فراہم کرے گا، اس کا مقصد یہ ہے کہ انٹرنیٹ صرف دیکھنے کا ذریعہ نہیں رہے بلکہ سمجھنے اور بات چیت کا ذریعہ بھی بنے۔
صارفین اب روایتی سرچ بار یا لنکس پر کلک کرنے کے بجائے براہِ راست چیٹ جی پی ٹی سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ کسی ویب صفحے کا خلاصہ پیش کرے، مصنوعات کا موازنہ کرے، ایئر لائن کا ٹکٹ بُک کرے یا کسی مضمون کے اہم نکات بتائے۔ ویب صفحات پر ایک ’آسک چیٹ جی پی ٹی‘ (ask chatgpt) بٹن بھی موجود ہے، جس پر کلک کر کے صارف صفحے کے مواد پر گفتگو شروع کر سکتا ہے۔
ویب براؤزر کی اہم خصوصیات یہ ہیں کہ یہ صارف کی سابقہ بات چیت کو یاد رکھتا ہے تاکہ آئندہ زیادہ ذاتی نوعیت کی تجاویز دی جا سکیں اور صارف کو مکمل کنٹرول حاصل ہے کہ ڈیٹا محفوظ رہے یا حذف کیا جائے۔ یہ جدید براؤوز چیٹ جی پی ٹی کو خودکار طور پر خریداری، فلائٹس بک کرنے اور ملاقاتوں کا شیڈول ترتیب دینے جیسی کارروائیاں کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے، جو کہ فی الحال صرف ’چیٹ جی پی ٹی پلس‘ اور ’پرو‘ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔
ویب پیجز پر چیٹ جی پی ٹی کا سائیڈبار بھی دستیاب ہے، جو مواد کا خلاصہ پیش کرتا ہے اور معلومات کی وضاحت میں مدد دیتا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نیا براؤزر گوگل کروم اور دیگر روایتی براؤزرز کے لیے ایک چیلنج ہے، کیونکہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ویب براؤزنگ کا تجربہ گوگل کے سرچ انجن سے مختلف ہوجائے گا۔
فی الحال یہ ویب براؤزر میک او ایس پر دستیاب ہے اور جلد ہی ونڈوز، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔