اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ راڈوسلاوسکورسکی نے شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ میں پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ راڈوسلاوسکورسکی نے کہا کہ شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی۔تجارت، معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلۂ خیال ہوا۔ معدنیات اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی، پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تعاون کی یادداشتوں پر دستخط خوش آئند ہے۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق پولینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ راڈوسلاوسکورسکی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت غزہ میں امن چاہتے ہیں، پولینڈ مستحکم اور پرامن جنوبی ایشیاء کا خواہاں ہے۔
اس سے قبل پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان اور پولینڈ کے نائب وزرائے اعظم نے شرکت کی۔