4
Table of Contents
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شخص کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
دا انڈین ایکسپریس کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں جمعرات کی صبح ایک موٹرسائیکل سوار شخص نے آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کا تعاقب کیا اور انہیں ہراساں کیا۔
سب انسپکٹر ندھی راگھونشی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ پولیس نے جمعے کو اُس شخص کو گرفتار کر لیا جو کھجرانہ روڈ کے علاقے میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث تھا۔
انہوں نے واقعے کی تفصیل کچھ یوں بتائی کہ ’دونوں خواتین کرکٹرز ہوٹل سے نکل کر ایک کیفے کی طرف جا رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ ایک موٹر سائیکل سوار شخص اُن کے پیچھے چلنے لگا۔‘
پولیس کے مطابق مذکورہ شخص نے مبینہ طور پر اُن میں سے ایک خاتون کو ’نازیبا انداز میں چُھوا‘ اور فرار ہو گیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کے سکیورٹی افسر ڈینی سمنز کو معاملے سے آگاہ کیا جنہوں نے مقامی سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ رابطہ کر کے فوری طور پر ایک گاڑی روانہ کی۔
اسیسٹنٹ کمشنر آف پولیس ہمانی مشرا نے واقعے کی اطلاع ملنے پر دونوں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور اُن کے بیانات قلم بند کیے۔
ملزم اکھیل خان کو اُس وقت حراست میں لیا گیا جب ایک راہگیر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُس کی موٹر سائیکل کا نمبر نوٹ کر لیا، جس کی بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
![]()
